encyclopedia

سماعت مصطفٰیﷺ

Published on: 14-Nov-2023

(حوالہ: مفتی سیّد شاہ رفیع الدین ہمدانی ، علامہ محمد حسیب احمد، علامہ سعید اللہ خان،سیرۃ النبی ﷺ انسائیکلوپیڈیا، جلد-2، مقالہ: 48، مطبوعہ: سیرت ریسرچ سینٹر، کراچی، پاکستان، 2018ء، ص: 592-608)

اﷲ ربُّ العزّت کے ان بے پایاں الطاف واکرام میں سے ایک فضل عظیم جو اس نے اپنے حبیب کریم Sallallah o Alaih Wa aalihi Wasallamکو عطا فرمائی وہ یہ ہے کہ اﷲ تبارک وتعالی نے آپ Sallallah o Alaih Wa aalihi Wasallamکی سماعت کے دائرہ کار کو وسیع فرمادیا۔ مشرق ومغرب، شمال وجنوب اور تحت وفوق کی وسعتوں کو سماعت مصطفیٰ کے لیے محدود فرمادیا ۔ آقا کریم Sallallah o Alaih Wa aalihi Wasallam جس طرح قریب کی آواز کو سماعت فرماتے اسی طرح باذن اﷲ دور کی آواز کو سماعت فرماتے۔ اﷲ رب العزت نے جس طرح آپ Sallallah o Alaih Wa aalihi Wasallamکو ذات اور ہر صفت میں یکتا،منفرد، بے مثل وبے نظیر اور شان اعجازی کا حامل بنایا اسی طرح آپ Sallallah o Alaih Wa aalihi Wasallam کو صفت سماعت میں بھی منفرد بنادیا تھا۔1

آپ Sallallah o Alaih Wa aalihi Wasallamکی قوتِ سماعت

رسول اکرم Sallallah o Alaih Wa aalihi Wasallamکی قوتِ سماعت عام قوتوں سے مختلف اورجداگانہ حیثیت کی حامل تھی۔چنانچہ ایک روایت میں اس حوالہ سےیہ فرمان نبوی ملتاہےکہ کیا جو کچھ میں سنتا ہوں وہ تم بھی سنتے ہو؟ چنانچہ اس حوالہ سے حضرت حکیم بن حزامRadi Allah Anho سے روایت ہے :

قال بینما رسول اللّٰه صلى اللّٰه علیه وسلم فى اصحابه اذ قال لھم: تسمعون ما اسمع؟ فقالوا: ما نسمع من شى. قال: انى لاسمع اطیط السماء ولا تلام ان تئط وما فیھا موضع شبر الا وعلیه ملك ساجد او قائم.2
کہ ایک مرتبہ رسول اﷲ Sallallah o Alaih Wa aalihi Wasallam صحابہ کرام Radi Allah Anhumمیں تشریف فرماتھے۔ اچانک صحابہ سے فرمایا :کیا جو کچھ میں سنتا ہوں وہ تم بھی سنتے ہو؟ صحابہ Radi Allah Anhumبولے ہم کچھ بھی نہیں سنتے۔ ارشاد فرمایا: بے شک میں آسمان سے نکلنے والی چرچراہٹ کی آواز سن رہا ہوں اور اس آواز کے نکلنے پر آسمان ملامت کا سزا وار نہیں کیونکہ آسمان پر ایک بالشت کے برابر بھی خالی جگہ نہیں مگر یہ کہ ہر جگہ کوئی فرشتہ سجدے کی حالت میں ہے اور کوئی قیام کی حالت میں ہے۔

امام ابن ابی عاصم Rehmatullah Alaihبھی روایت کرتے ہیں:

تسمعون ما اسمع؟ فقالوا: ما نسمع من شى. قال: انى لاسمع اطیط السماء.3
کیا جو کچھ میں سنتا ہوں وہ تم بھی سنتے ہو؟ صحابہ Radi Allah Anhumبولے: ہم کچھ بھی نہیں سنتے۔ ارشاد فرمایا: بے شک میں آسمان سے نکلنے والی چرچراہٹ کی آواز سن رہا ہوں۔

معلوم ہوا کہ حضور Sallallah o Alaih Wa aalihi Wasallamاﷲ کی عطا سے وہ کچھ دیکھتے اور سنتے ہیں جو عام لوگ نہ دیکھ سکتے ہیں نہ سن سکتے ہیں۔ پھر حضور Sallallah o Alaih Wa aalihi Wasallamنے خود وضاحت بھی فرمادی کہ وہ کیا دیکھتے اور کیا سنتے ہیں؟ آسمان جو زمین سے لاکھوں میل کی مسافت پر ہے حضور Sallallah o Alaih Wa aalihi Wasallamزمین پر تشریف فرماہوتے ہوئے بھی وہاں کی آوازیں سنتے اور وہاں کے حالات کو دیکھتے ہیں۔

جہنم میں گرنے والے پتھر کی آواز کا سننا

رسول اکرم Sallallah o Alaih Wa aalihi Wasallamکی قوت ِسماعت کا کئی ایک احادیث میں تذکرہ ہوا موجود ہے۔ حضرت ابوہریرہ Radi Allah Anhoبیان کرتے ہیں کہ ہم رسول اﷲ Sallallah o Alaih Wa aalihi Wasallamکے ساتھ تھے کہ آپ Sallallah o Alaih Wa aalihi Wasallamنے گڑ گڑاہٹ کی آواز سنی۔ آپ Sallallah o Alaih Wa aalihi Wasallamنے فرمایا تمہیں معلوم ہے یہ آواز کیسی تھی؟ ہم نے عرض کیا اﷲ اور اس کا رسول ہی زیادہ جانتے ہیں۔ اس حوالہ سے امام مسلمRehmatullah Alaihروایت کرتے ہیں:

قال :ھذا حجر رمى به فى النار منذ سبعین خریفا فھو یھوى فى النار الآن حتى انھى الى قعرھا.4
آپ Sallallah o Alaih Wa aalihi Wasallamنے فرمایا: یہ پتھر ہے جس کو ستر سال پہلے جہنم میں پھینکا گیا تھا۔ یہ اب تک اس میں گررہا تھا اور اب اس کی گہرائی میں پہنچا ہے۔

اس حدیث پاک سے کئی امور معلوم ہوئے۔حضور اقدس Sallallah o Alaih Wa aalihi Wasallamنے فرشِ زمین پر تشریف فرماہوکر جہنم کی تہہ میں گرنے والے پتھر کی آواز کو سماعت کیا۔ جہنم کی ابتداء تحت الثری سے ہے اور سطح زمین سے جہنم کی تہہ تک ہزاروں بلکہ لاکھوں سال کی مسافت ہے جس کے درمیان سخت حجابات وموانع ہیں لیکن یہ سماعتِ اقدس کا اعجاز ہے کہ ہزارھا رکاوٹوں اور مزاحمتوں کے باوجود اس آواز کو سماعت فرمایا۔

آسمانوں کی آواز کو سماعت فرمانا

رسول اللہ Sallallah o Alaih Wa aalihi Wasallamفرشِ زمین پر بیٹھے کئی لاکھوں میل دور کی آواز کو سماعت فرمالیا کرتےتھے۔چنانچہ حضرت ابوذر غفاریRadi Allah Anho بیان کرتے ہیں :

قال رسول اللّٰه صلى اللّٰه علیه وسلم: انى ارى مالا ترون واسمع ما لاتسمعون اطت السماء وحق لھا ان تئط ما فیھا موضع اربع اصابع الا وملك واضع جبھته ساجدا للّٰه، وللّٰه! لو تعلمون ما اعلم لضحكتم قلیلا و لبكیتم كثیرا.5
حضور نبی کریم Sallallah o Alaih Wa aalihi Wasallamنے فرمایا: بے شک میں وہ دیکھتا ہوں جو تم نہیں دیکھتے اور میں وہ سنتا ہوں جو تم نہیں سنتے۔(دلیل یہ ہے) کہ آسمانوں سے چر چرانے کی آواز آئی ہے اور حق بھی یہ ہے کہ وہ چر چرائے کیونکہ اس میں ایک چار انگل کے برابر جگہ ایسی نہیں جہاں کوئی فرشتہ اﷲ رب العزت کے حضور سجدہ ریز نہ ہو۔ خدا عزوجل کی قسم! اگر تم وہ جان لو جو میں جانتا ہوں تو ضرور کم ہنسو اور زیادہ روگے۔

امام احمد Rehmatullah Alaihبھی روایت کرتے ہیں کہ حضورِ اکرم Sallallah o Alaih Wa aalihi Wasallamنے فرمایا:

انى ارى مالا ترون واسمع مالا تسمعون.6
میں وہ دیکھتا ہوں جو تم نہیں دیکھتے اور میں وہ سنتا ہوں جو تم نہیں سنتے۔

اس روایت کو امام محمد بن یزید ابن ماجہ Rehmatullah Alaihنے 7اور حضرت انس سے جلال الدین عبد الرحمن السیوطیRehmatullah Alaihنے نقل کیا ہے۔8

صحابہ کرام Radi Allah Anhum میں سے کسی نے اس آواز کو نہیں سنا لیکن حضور Sallallah o Alaih Wa aalihi Wasallamنے فرش زمین پر تشریف فرماہوکر تمام آسمانوں کے چر چرانے کی آواز کو سماعت فرمالیا۔ حالانکہ زمین سے آسمان تک سینکڑوں سال کی مسافت ہے تو جو محبوب Sallallah o Alaih Wa aalihi Wasallamزمین پر تشریف فرما ہوکر سیکڑوں سال دور کی آواز کو سماعت فرماتے ہیں وہ چند ہزار میل دور مدینہ طیبہ میں تشریف فرماہوکر اپنے امتی کا صلوٰۃ وسلام بھی سماعت کرسکتے ہیں۔

آپ Sallallah o Alaih Wa aalihi Wasallam کا یہودیوں کے عذاب قبر کو سننا

اسی طرح آپ Sallallah o Alaih Wa aalihi Wasallamکی قوتِ سماعت کونقل کرتے ہوئے حضرت ابوایوب انصاری Radi Allah Anhoبیان کرتے ہیں :

خرج النبى صلى اللّٰه علیه وسلم وقد وجبت الشمس فسمع صوتا فقال: یھود تعذب فى قبورھا.9
نبی کریم Sallallah o Alaih Wa aalihi Wasallamباہر تشریف لائے اس وقت سورج غروب ہوچکا تھا پس آپ Sallallah o Alaih Wa aalihi Wasallamنے آواز سنی تو فرمایا :یہود کو ان کی قبروں میں عذاب ہورہا ہے۔

ایک دوسری حدیث میں ہے کہ حضور Sallallah o Alaih Wa aalihi Wasallamنے حضرت ابوایوب انصاریRadi Allah Anho سے پوچھا اے ابوایوب!

اتسمع ما اسمع قلت: اللّٰه ورسوله اعلم. قال: اسمع اصوات الیھود یعذبون فى قبورھم.10
کیا تم وہ آواز سن رہے ہو جو میں سن رہا ہوں؟ میں نے عرض کیا:اﷲ تعالیٰ اور اس کے رسول Sallallah o Alaih Wa aalihi Wasallamکو ہی زیادہ علم ہے۔ آپ Sallallah o Alaih Wa aalihi Wasallamنے فرمایا: میں یہودیوں کی آوازیں سن رہا ہوں جن کو ان کی قبروں میں عذاب دیا جارہا ہے۔

اسی طرح کا واقعہ حضرت بلالRadi Allah Anho کے متعلق بھی منقول ہے۔چنانچہ حضرت انسRadi Allah Anho بیان کرتے ہیں:

یا بلال! ھل تسمع ما اسمع؟ قال: لا وللّٰه یا رسول اللّٰه ما اسمعه. قال: الا تسمع اھل القبور یعذبون.11
اے بلال! کیا تو سنتا ہے جو میں سنتا ہوں؟ انہوں نے عرض کیا: نہیں یا رسول اﷲ‘ میں نہیں سنتا۔ فرمایا: کیا تو نہیں سنتا؟ ان قبر والوں (یہودیوں) کو عذاب ہورہا ہے۔

ان احادیث سے معلوم ہوا کہ عام لوگ قبر کے عذاب کو نہیں سن پاتے لیکن حضور Sallallah o Alaih Wa aalihi Wasallam نے قبر کے عذاب کو سماعت فرمایا ۔آپ Sallallah o Alaih Wa aalihi Wasallamکی قوتِ سماعت کا یہ کمال ہےکہ دنیا تو کجاعالم برزخ کی آوازیں سن رہے ہیں۔

جنت و اہل جنت کی آوازوں کو سننا

اسی حوالہ سےحضرت ابوہریرہRadi Allah Anho بیان کرتے ہیں :

ان النبى صلى اللّٰه علیه وسلم قال لبلال عند صلاة الفجر یا بلال حدثنى بأرجى عمل عملته فى الاسلام فانى سمعت دف نعلیك بین یدى فى الجنة؟ قال: ما عملت عملا ارجى عندى انى لم اتطھر طھورا فى ساعة لیل او نھار الا صلیت بذلك الطھور ما كتب لى ان اصلى.12
حضور نبی کریم Sallallah o Alaih Wa aalihi Wasallamنے صبح کی نماز کے وقت حضرت بلال Radi Allah Anhoسے فرمایا:مجھے یہ بتاؤ کہ تم نے اسلام میں جو عمل کیے ہیں ا ن میں تم کو کس عمل پر اجر کی زیادہ توقع ہے؟ کیونکہ میں نے جنت میں اپنے آگے تمہارے جوتیوں سے چلنے کی آہٹ سنی ہے۔ حضرت بلال Radi Allah Anhoنے کہا :میں نے ایسا کوئی عمل نہیں کیا جس پر مجھے زیادہ اجر ملنے کی توقع ہو۔ البتہ میں جب بھی دن یا رات کے کسی وقت میں وضو کرتا ہوں تو اس وضو سے اتنی نماز پڑھتا ہوں جو میرے لیے مقدر کی گئی ہے۔

پہلے احادیث میں فرش زمین پر بیٹھ کر آسمانوں کی آواز سننے کی صراحت تھی اور اس حدیث میں تصریح ہے کہ حضور Sallallah o Alaih Wa aalihi Wasallamنے جنت جوکہ چھٹے آسمان میں ہے اور زمین سے لاکھوں نوری سال (Light years) دور اس کی ابتدا ہے وہاں سے حضرت بلال Radi Allah Anhoکے قدموں کی آہٹ کو سماعت فرمالیا ۔معلوم ہوا کہ یہ آسمان اپنی سختی وصلابت اور دوری وبعد کے باوجود بھی سماعت مصطفیٰ Sallallah o Alaih Wa aalihi Wasallamمیں رکاوٹ اور حجاب نہیں بنتے اور حضور Sallallah o Alaih Wa aalihi Wasallamزمین پر ہوں تو آسمان کی آواز کو آسانی سے سماعت فرماتے ہیں اور آسمان پر ہوں تو زمین کی آواز کو آسانی سے سماعت فرماتے ہیں۔

اسی حوالہ سےام المؤمنین حضرت عائشہ صدیقہRadi Allah Anha فرماتی ہیں کہ حضور نبی کریم Sallallah o Alaih Wa aalihi Wasallamنے فرمایا:

دخلت الجنة فسمعت فیھا قراء ة فقلت من ھذا؟ قالوا حارثة بن النعمان.13
میں جنت میں داخل ہوا تو میں نے اس میں قرآن کی قراء ت سنی، میں نے پوچھا یہ کون ہے؟ انہوں نے عرض کی حارثہ بن نعمان ۔

جب حضور نبی کریم Sallallah o Alaih Wa aalihi Wasallamفرش زمین پر کھڑے ہوکر اپنا دست پاک جنت تک پہنچاسکتے ہیں تو جنت میں ہوکر زمین کی آواز کو کیوں نہیں سماعت فرماسکتے۔ چنانچہ حدیث پاک میں ہے کہ حضرت عبداﷲ بن عباس Radi Allah Anhumaبیان کرتے ہیں:

خسفت الشمس على عھد رسول اللّٰه صلى اللّٰه علیه وسلم فصلى قالوا: یا رسول اللّٰه رایناك تناول شیئا ثم رایناك تكعكعت؟ قال: انى رایت الجنة فتناولت منھا عنقودا ولو اخذته لا كلتم منه ما بقیت الدنیا.14
رسول اﷲ Sallallah o Alaih Wa aalihi Wasallamکے عہد زریں میں سورج کو گرہن لگا تو حضور Sallallah o Alaih Wa aalihi Wasallamنے نماز پڑھی ۔صحابہ کرام نے عرض کی یا رسول اﷲ Sallallah o Alaih Wa aalihi Wasallam: ہم نے آپ Sallallah o Alaih Wa aalihi Wasallamکو دیکھا کہ آپ Sallallah o Alaih Wa aalihi Wasallamکسی چیز کو پکڑ رہے ہیں، پھر دیکھا کہ آپ Sallallah o Alaih Wa aalihi Wasallamپیچھے ہٹ رہے ہیں؟آپ Sallallah o Alaih Wa aalihi Wasallamنے فرمایا: میں نے جنت کو دیکھا پس میں نے اس میں سے انگوروں کا ایک خوشہ پکڑا اور اگر میں اس کو لیتا تو تم اس وقت تک کھاتے رہتے جب تک دنیا رہتی۔

دوسرے شہر کے ضرورت مند کی دہائی کا مدینہ میں سننا

حضور Sallallah o Alaih Wa aalihi Wasallamکا سننا اور دیکھنا دوسرے انسانوں کے مثل نہیں ہےبلکہ تمام صفتوں کی طرح آپSallallah o Alaih Wa aalihi Wasallam کی سمع وبصر کی قوت بھی بے مثال اور ایک معجزانہ شان رکھتی ہے ،دور دور کی آواز سن لینا یہ آپ Sallallah o Alaih Wa aalihi Wasallamکے مقدس کانوں کا مشہور معجزہ ہے۔چنانچہ حضرت میمونہ Radi Allah Anha بیان فرماتی ہیں :

ان رسول اللّٰه صلى اللّٰه علیه وسلم بات عندھا فى لیلتھا فقام یتوضا للصلاة فسمعته یقول فى متوضئه: لبیك لبیك ثلاثا نصرت نصرت ثلاثا فلما خرج قلت: یارسول اللّٰه سمعتك تقول فى متوضئك لبیك لبیك ثلاثا نصرت نصرت ثلاثا كأنك تكلم انسانا فھل كان معك احد؟ فقال: ھذا راجز بنى كعب یستصرخنى ویزعم ان قریشا اعانت علیھم بنى بكر. ثم خرج رسول اللّٰه صلى اللّٰه علیه وسلم فامر عائشة ان تجھزه ولا تعلم احدا قالت: فدخل علیھا ابوبكر فقال: یا بنیة ما ھذا الجھاز؟ فقالت: وللّٰه ما ادرى. فقال: وللّٰه ما ھذا زمان غزو بنى الاصفر فاین یرید رسول اللّٰه صلى اللّٰه علیه وسلم ؟ قالت: وللّٰه لاعلم لى. قالت: فاقمنا ثلاثا ثم صلى الصبح بالناس فسمعت الراجز ینشده...فقال: رسول اللّٰه لبیك لبیك ثلاثا نصرت نصرت ثلاثا… الخ.15
نبی اکرم Sallallah o Alaih Wa aalihi Wasallamنے ایک رات میر ے ہاں قیام کیا آپ Sallallah o Alaih Wa aalihi Wasallamوضو کے لیے اٹھے تو میں نے آپ Sallallah o Alaih Wa aalihi Wasallamکو وضو کے دوران ارشاد فرماتے ہوئے سنا :میں حاضر ہوں ،مددکو پہنچا ،تمہاری مدد کردی گئی ہے۔ جب آپ Sallallah o Alaih Wa aalihi Wasallamباہر تشریف لائے تو میں نے عرض کیا: یارسول اﷲ Sallallah o Alaih Wa aalihi Wasallamمیں نے آپ Sallallah o Alaih Wa aalihi Wasallamکو حالت وضو میں تین بار لبیک لبیک نصرت نصرت کہتے ہوئے سنا ہے۔ گویا آپ Sallallah o Alaih Wa aalihi Wasallamکسی انسان سے گفتگو فرمارہے تھے۔ کیا آپ Sallallah o Alaih Wa aalihi Wasallamکے ساتھ کوئی تھا؟ فرمایا:ہاں! بنی کعب کا راجز مجھے مدد کے لیے پکارہا تھا۔ اور یہ گمان کررہا تھا کہ قریش نے ان کے خلاف بنی بکر کی مدد کردی ہے۔پھر رسول کریم Sallallah o Alaih Wa aalihi Wasallamتشریف لے گئے اورسیدہ عائشہ صدیقہ Radi Allah Anhaسے فرمایا کہ ان کی تیاری کروادیں لیکن کسی کو بتانا نہیں۔ حضرت ابوبکر صدیقRadi Allah Anho سیدہ عائشہ صدیق Radi Allah Anhaکے پاس آئے اور پوچھا! اے بیٹی کس چیز کی تیاری کررہی ہو؟ انہوں نے کہا : اﷲ کی قسم مجھے معلوم نہیں ہے۔ حضرت ابوبکر صدیق Radi Allah Anhoنے کہا :اﷲ کی قسم! یہ بنی اصفر کے ساتھ جنگ کرنے کا وقت تو نہیں ہے تو اﷲ کے رسول کہاں کا ارادہ فرمارہے ہیں؟ اُمّ المومنین حضرت عائشہ صدیقہ Radi Allah Anhaنے کہا: اﷲ کی قسم! مجھے کوئی علم نہیں ہے۔ آپ Radi Allah Anhaفرماتی ہیں: ہم تین دن وہاں ٹھہرے ۔ پھر ایک دن آپ Sallallah o Alaih Wa aalihi Wasallamنے فجر کی نماز پڑھائی پھر میں نے اسےشعر پڑھتے ہوئے سنا۔۔۔پھر رسول اﷲSallallah o Alaih Wa aalihi Wasallam نے تین مرتبہ لبیک لبیک کہا پھر تین مرتبہ نصرت، نصرت کہا ۔

امام الاصبھانیRehmatullah Alaih نے بھی اس روایت کو نقل کیاہے۔16اسی طرح امام ابن ہشامRehmatullah Alaihلکھتے ہیں:

فقال رسول اللّٰه صلى اللّٰه علیه وسلم نصرت یا عمرو بن سالم.17
حضور Sallallah o Alaih Wa aalihi Wasallamنے فرمایا: اے عمرو بن سالم !تمہاری مدد کردی گئی۔

امام ابو جعفر محمد بن جریر طبری Rehmatullah Alaih18 اور امام ابوبکر احمد بن حسین بیہقی Rehmatullah Alaih19نے بھی اسی طرح نقل کیا ہے۔ وہ راجز مکہ میں تھا اور حضور اقدس Sallallah o Alaih Wa aalihi Wasallamمدینہ میں تھے۔ واقعہ یہ تھا کہ صلح حدیبیہ میں بنی بکر قریش کی طرف سے ذمہ دار تھے اور خزاعہ حضور Sallallah o Alaih Wa aalihi Wasallamکی طرف سے سے ذمہ دار تھے۔ یہ ذمہ داری اس عہد پر تھی کہ آئندہ سال میں باہمی جنگ نہ ہوگی مگر قریش نے عہد اور شرائط کو توڑ دیا اور بنی بکر وغیرہ کے ساتھ مل کر مسلمانوں کے قتل کرنے کا ارادہ کرلیا۔اس وقت حضرت عمرو بن سالم راجز Radi Allah Anho نے مکہ سے فریاد کی اور حضور Sallallah o Alaih Wa aalihi Wasallamسے مدد مانگی جس کے جواب میں حضور نبی کریم Sallallah o Alaih Wa aalihi Wasallamنے تین مرتبہ لبیک اور تین مرتبہ نصرت فرماکر اس کی مدد فرمائی چنانچہ بعد ازاں حضور Sallallah o Alaih Wa aalihi Wasallamنے قریش پر چڑھائی کی اور مکہ فتح ہوگیا۔ گویا ظاہری اور باطنی امداد کا ظہور ہوا۔اس حدیث کی شرح میں علامہ زرقانی Rehmatullah Alaih فرماتے ہیں:

ففى اخباره قبل قدومه علم من اعلام النبوة باھر فاما انه اعلم بذلك بالوحى وعلم ما یصوره راجز فى نفسه اویكله به اصحابه فاجابه بذك وانه كان یرتجز فى سفره واسمعه للّٰه كلامه قبل قدومه یثلاث ولا یعد فى ذلك فقد روى ابو نعیم مرفوعا انى لا سمع اطیط السماء وما تلام ان تئط.20
نبی کریم Sallallah o Alaih Wa aalihi Wasallamکے عمرو بن سالمRadi Allah Anho کے پہنچنے سے قبل اس کے متعلق خبر دینے میں نبوت کے معجزات میں سے واضح معجزہ اور امتیازی علامت ہے۔ پس یا تو آپ Sallallah o Alaih Wa aalihi Wasallamکو وحی کے ذریعے اس کی اطلاع دے دی گئی اور آپ Sallallah o Alaih Wa aalihi Wasallamنے اس کو جان لیا جو رجز خوان اپنے دل میں فریاد کے لیے مضمون تیار کررہا تھا اور سوچ رہا تھا یا اپنے ساتھیوں کے ساتھ اس کے متعلق کلام کررہا تھا تو آپ Sallallah o Alaih Wa aalihi Wasallamنے اس کے استغاثہ اور فریاد کا جواب دیا ۔وہ دوران سفر یہ رجزیہ اشعار پڑھتا آرہا تھا اور اﷲ تعالیٰ نے آپ Sallallah o Alaih Wa aalihi Wasallamکو اس کا کلام اس کے پہنچنے سے تین دن پہلے سنوا دیا اور اس میں کوئی استحالہ(ناممکن)، بُعد اور حیرانگی کی بات نہیں کیونکہ ابو نعیم نے مرفوع روایت ذکر کی ہے کہ نبی کریم Sallallah o Alaih Wa aalihi Wasallamنے فرمایا: بے شک میں آسمان کی چر چراہٹ سنتا ہوں اور اس کے چر چرانے پر اس کی ملامت نہیں کی جاسکتی۔

علامہ زرقانی Rehmatullah Alaih کے کہنے کا مقصد یہ ہے کہ جب حضور Sallallah o Alaih Wa aalihi Wasallamزمین پر تشریف فرما ہوکر ہزاروں سال دور آسمانوں کی آواز کو سماعت فرماتے ہیں تو مدینہ میں تشریف فرما ہوکر مکّہ مکرّمہ میں فریاد کرنے والے امتی کی آواز کو کیونکر سماعت نہیں فرماسکتے۔ اسی طرح امام ابن عبدالبرمالکی Rehmatullah Alaih لکھتے ہیں:

حیث خرج مستنصراً من مكة الى المدینة.21
(یہ فریاد کرنے والے صحابی رسول سیدنا عمرو بن سالم بن کلثوم خزاعی حجازیRadi Allah Anho تھے) انہوں نے مدد طلب کرتے ہوئے مکہ سے مدینہ منورہ کا سفر کیا۔

یعنی فریاد کرتے وقت یہ مکہ میں تھے اور حضور Sallallah o Alaih Wa aalihi Wasallamمدینہ منورہ میں تھے۔ معلوم ہوا کہ حضور Sallallah o Alaih Wa aalihi Wasallamراجز Radi Allah Anho کو دیکھ بھی رہے تھے ان کی آواز بھی سن رہے تھے اور نصرت نصرت فرما کر ان کی مدد فرما رہے تھے۔

حضور Sallallah o Alaih Wa aalihi Wasallamکا درود و سلام سننا

اﷲ تعالیٰ نے حضور Sallallah o Alaih Wa aalihi Wasallamکے کان مبارک میں یہ اعجازو کمال رکھا ہے کہ وہ ہمہ وقت سب کا درود سنتے ہیں ۔ حضور Sallallah o Alaih Wa aalihi Wasallamسے محبت کرنے والے مسلمان اگرچہ لاکھوں میل دور شرق میں ہوں یا غرب میں، جنوب میں ہو ں یا شمال میں، عرب میں ہو ں یا عجم میں،پاکستان میں ہو ں یا ایران میں، سوڈان میں ہو ں یا افغانستان میں، صحراء میں ہو ں یا سمندر میں،آبادی میں ہو ں یا ویرانے میں،پہاڑوں کی چوٹیوں پر ہو ں یا گہرے غاروں میں،الغرض کسی بھی مقام پر ہوحضور نبی کریم Sallallah o Alaih Wa aalihi Wasallam اس کے درود کو سن لیتے ہیں۔ چنانچہ اس حوالہ سے بیان کرتے ہوئے حضرت ابودرداء Radi Allah Anho فرماتے ہیں :

قال رسول اللّٰه صلى اللّٰه علیه وسلم :اكثرو الصلوة على یوم الجمعة فانه یوم مشھور تشھده الملائكة لیس من عبد یصلى على الا بلغنى صوته حیث كان، قلنا: وبعد وفاتك؟ قال: وبعد وفاتى ان اللّٰه حرم على الارض ان تاكل اجساد الانبیاء.22
حضور Sallallah o Alaih Wa aalihi Wasallamنے فرمایا مجھ پر روز جمعہ زیادہ درود پڑھاکرواس دن فرشتے حاضر ہوتے ہیں تم میں سے کوئی بھی شخص مجھ پر درود نہیں پڑھتا مگر اس کی آواز مجھ تک پہنچ جاتی ہے چاہے وہ آواز جہاں کہیں کی بھی ہو۔ ہم نےعرض کیا: آپ Sallallah o Alaih Wa aalihi Wasallamکے وصال کے بعد؟ تو آپ Sallallah o Alaih Wa aalihi Wasallamنے فرمایا کہ میرے وصال کے بعد بھی کیونکہ اﷲ نے زمین پر حرام کردیا کہ وہ انبیاء Alaihmus Salamکے اجسام کو کھائے۔

اسی طرح امام عبد الرحمن صفوری Rehmatullah Alaihلکھتے ہیں:

قال النبى صلى اللّٰه علیه وسلم: اكثروا من الصلوة على یوم الجمعة ولیلة الجمعة فان فى سائر الایام تبلغنى الملائكة صلاتكم الالیلة الجمعة ویوم الجمعة فانى اسمع صلاة من یصلى على باذنى.23
حضور Sallallah o Alaih Wa aalihi Wasallamنے فرمایا مجھ پر جمعہ کے دن اور شبِ جمعہ کو زیادہ درود بھیجا کرو کیونکہ دیگر تمام دنوں میں تمہارا درود مجھ تک فرشتے پہنچاتے ہیں مگر جمعہ کی رات اور دن کو میں تمہارا درود اپنے کانوں سے سنتا ہوں۔

اسی حوالہ سےحضرت سید محمد بن سلیمان الجزولی الشاذلی Rehmatullah Alaihنقل کرتے ہیں:

وقیل لرسوللّٰه صلى اللّٰه علیه وسلم:ارایت صلاة المصلین علیك ممن غاب عنك ومن یاتى بعدك ما حالھما عند ك فقال: اسمع صلاة اھل محبتى واعرفھم وتعرض على صلاة غیرھم عرضا.24
حضور Sallallah o Alaih Wa aalihi Wasallamسے عرض کیا گیا کہ ان لوگوں کے بارے میں ارشاد فرمائیں جو آپ Sallallah o Alaih Wa aalihi Wasallam سے دور ہیں اور آپ Sallallah o Alaih Wa aalihi Wasallamپر درود پڑھتے ہیں اور وہ لوگ جو آپ Sallallah o Alaih Wa aalihi Wasallamکے ظاہری زندگی کے بعد آئیں گے ان لوگوں کا آپ Sallallah o Alaih Wa aalihi Wasallamکے نزدیک کیا حال ہے؟ تو حضور Sallallah o Alaih Wa aalihi Wasallamنے فرمایا : اہل محبت کا درود تو میں خود سنتا ہوں اور ان کو پہنچانتا ہوں اور غیر محبت والوں کا درود مجھے فرشتے پہنچاتے ہیں۔

یہ ہے حضور Sallallah o Alaih Wa aalihi Wasallamکے گوش مبارک کا بے مثال اعجاز۔ حضور Sallallah o Alaih Wa aalihi Wasallamنے کتنی وضاحت وصراحت کے ساتھ اپنی صفت سماعت کو بیان فرمایا کہ میرا جو غلام بھی مجھ پر درود وسلام پڑھتا ہے اس کی آواز مجھ تک پہنچتی ہے۔ آپ Sallallah o Alaih Wa aalihi Wasallamکی خدمت اقدس میں یکے بعد دیگرے جو فرشتے درود شریف پہنچانے کے لیے مقرر ہیں ان کے بارے میں حدیث میں آیا ہے کہ حضرت عمار بن یاسر Radi Allah Anhoبیان کرتے ہیں :

قال رسول اللّٰه : ان للّٰه وكل بقبرى ملكا اعطاه اسماع الخلائق فلا یصلى على احد الى یوم القیامة الا ابلغنى باسمه واسم ابیه ھذا فلان بن فلان قد صلى علیك.25
رسول اﷲ Sallallah o Alaih Wa aalihi Wasallamنے فرمایا : بے شک اﷲ نے ایک فرشتے کو تمام مخلوق کی سماعت عطا کی ہے اور جب میری وفات ہوگی تو وہ قیامت تک میری قبر پر کھڑا رہے گا پس میری امت میں سے جو شخص بھی مجھ پر درود پڑھے گا وہ اس کا اور اس کے باپ کا نام لے کر کہے گا: اے محمد(Sallallah o Alaih Wa aalihi Wasallam)! فلاں بن فلاں شخص نے آپ پر درود پڑھا ہے۔ پھر اﷲ عزوجل اس کے ہر درود کے بدلہ میں اس پر دس رحمتیں نازل فرمائے گا۔

درود شریف کی سماعت کے متعلق حضرت صدیق اکبر Radi Allah Anhoنبی اکرم Sallallah o Alaih Wa aalihi Wasallamکا فرمان نقل کرتے ہوئے فرماتے ہیں:

اكثروا الصلوة على فان للّٰه تعالى و كل لى ملكا عند قبرى فاذا صلى على رجل من امتی قال ذلك الملك: یا محمد! ان فلان بن فلان یصلى علیك الساعة.26
مجھ پر درود بہت بھیجو کہ اﷲ تعالیٰ نے میری قبرپر ایک فرشتہ متعین فرمایا ہے۔ جب کوئی میرا امتی مجھ پر درود بھیجتا ہے وہ مجھ سے عرض کرتا ہے یا رسول اﷲ Sallallah o Alaih Wa aalihi Wasallam:فلاں بن فلاں نے ابھی ابھی آپ Sallallah o Alaih Wa aalihi Wasallamپردرودپڑھا ہے۔

امام زرقانیRehmatullah Alaih اس کی شرح کرتے ہوئے لکھتے ہیں:

اى قوة یقتدربھا على سماع ما ینطق به كل مخلوق من انس وجن وغیرھما.27
یعنی اﷲ تعالیٰ نے اس فرشتے کو ایسی قوت عطا فرمائی ہے کہ انسان اور جن اور اس کے سوا تمام مخلوق الٰہی کی زبان سے جو کچھ نکلتا ہے اس کو سنتا ہے۔

امام عبدالرؤف المناوی Rehmatullah Alaihاس کی شرح میں لکھتے ہیں:

اى قوة یقتدربھا على سماع ما ینطق به كل مخلوق من انس وجن وغیرھما.28
یعنی اﷲ تعالیٰ نے اس فرشتے کو ایسی قوت عطا فرمائی ہے کہ انسان اور جن اور اس کے سوا تمام مخلوق الٰہی کی زبان سے جو کچھ نکلتا ہے اس کو سنتا ہے۔

یہ قوتِ سماعت ایک ایسے فرشتے کی ہے جو قرب ِمصطفی Sallallah o Alaih Wa aalihi Wasallamمیں حاضر ہے۔ جب قربِ مصطفی Sallallah o Alaih Wa aalihi Wasallamسے وابستہ ایک فرشتے کا یہ حال ہے تو وہ محبوب ﷺجن کو اﷲ رب العزت نے اپنے قربِ خاص سے نوازا ہو ان کی قوتِ سماعت کا کیا عالم ہوگا۔

قبر ِانور پر فرشتے کی سماعت کس قدر وسیع اور کامل ہے کہ روئے زمین پر جو بھی جن یا انسان جس وقت اور جہاں سے نبی کریم Sallallah o Alaih Wa aalihi Wasallamکی ذات پر درود وسلام پڑھتا ہے تو وہ فرشتہ اس درود وسلام کو سماعت کرتا ہے اور پھر اس کو بارگاہ مصطفی Sallallah o Alaih Wa aalihi Wasallamمیں پیش کرتا ہے۔

قمر کی آواز سننا

رسول اکرمSallallah o Alaih Wa aalihi Wasallam کی قوتِ سماعت کا عالم نہ صرف جوانی میں ایسا تھا بلکہ بچپن کی حالت میں بھی اسی طرح تھا۔چنانچہ حضرت عباس بن عبد المطلبRadi Allah Anhuma نے فرمایا:

یا رسول اللّٰه دعانى الى الدخول فى دینك امارة لنبوتك رایتك فى المھد تناغى القمر وتشیر الیه باصبعك فحیث اشرت الیه مال قال: انى كنت احدثه ویحدثنى ویلھینى عن البكاء واسمع وجبته حین یسجد تحت العرش.29
یا رسول اﷲ Sallallah o Alaih Wa aalihi Wasallam! مجھے تو آپ Sallallah o Alaih Wa aalihi Wasallamکی نبوت کی نشانیوں نے آپ Sallallah o Alaih Wa aalihi Wasallamکے دین میں داخل ہونے کی دعوت دی تھی ۔میں نے دیکھا کہ آپ Sallallah o Alaih Wa aalihi Wasallamگہوارے میں چاند سے باتیں کرتے اور اپنی انگلی سے اس کی طرف اشارہ کرتے اور جس طرف اشارہ فرماتے چاند جھک جاتا تھا ۔حضور Sallallah o Alaih Wa aalihi Wasallamنے فرمایا: میں چاند سے باتیں کرتا تھا اور چاند مجھ سے باتیں کرتا تھا اور وہ مجھے رونے سے بہلاتا تھا اور اس کے عرشِ الٰہی کے نیچے سجدہ کرتے وقت میں اس کی تسبیح کرنے کی آواز کو سنا کرتا ہوں۔

حضور Sallallah o Alaih Wa aalihi Wasallamنے فرمایا کہ میں چاند کے زیر عرش سجدہ کرنے کے دھماکے کو سنتا ہوں۔امام عبد الرحمن بن سلام الصفوری Rehmatullah Alaihفرماتے ہیں کہ حضرت عباس بن عبد المطلب Radi Allah Anhumaسے مروی ہے کہ حضور Sallallah o Alaih Wa aalihi Wasallamنے فرمایا:

والذى نفسى بیده لقد كنت اسمع صریر القلم على اللوح المحفوظ وانا فى ظلمة الاحشاء.30
اس ذات کی قسم! جس کے قبضہ قدرت میں میری جان ہے! بے شک میں لوح محفوظ پر چلتی قلم کی آواز سنتا تھا حالانکہ میں اماں جان کے شکم اطہر میں تھا۔

حضور Sallallah o Alaih Wa aalihi Wasallam کا جنتیوں کی آواز سننا اور سنانا

جس طرح حضور Sallallah o Alaih Wa aalihi Wasallamپر احوال برزخ و احوال جنت ودوزخ پوشیدہ نہیں ہیں اور کائنات کا ہر ذرہ حضور Sallallah o Alaih Wa aalihi Wasallamپر منکشف ہے۔ اسی طرح آپ Sallallah o Alaih Wa aalihi Wasallamمیں یہ بھی طاقت ہے کہ جس کو چاہیں، زمین پر ہی جنت دکھادیں اور جنت میں رہنے والوں کی آوازیں سنوادیں۔

چنانچہ حضرت فاطمہ بنت حسینRadi Allah Anha بیان کرتی ہیں کہ جب حضور نبی کریم Sallallah o Alaih Wa aalihi Wasallamکے فرزند حضرت قاسم Radi Allah Anhoکا انتقال ہوا تو حضرت خدیجہ Radi Allah Anhaنے عرض کیا کہ میری آرزویہ تھی کہ رب تعالیٰ قاسم کو اتنے دن اور زندہ رکھتا تاکہ ان کے ایام رضاعت پورے ہوجاتے۔ یہ سن کر نبی کریم Sallallah o Alaih Wa aalihi Wasallamنے فرمایا:

حضرت قاسمRadi Allah Anho کے ایام رضاعت جنت میں پورے ہوں گے لیکن حضرت خدیجہ Radi Allah Anhaنے پھر وہی کلمات دھرائے جس پر حضور نبی کریم Sallallah o Alaih Wa aalihi Wasallamنے فرمایا:

ان شئت دعوت للّٰه یسمعك صوته؟ قالت: بل صدق للّٰه ورسوله.31
خدیجہ! اگر تم کہو تو میں دعا مانگو اور تم اس(حضرت قاسم Radi Allah Anho )کی آواز سن لو؟ عرض کی: نہیں اﷲ اور رسول اﷲ نے سچ فرمایا۔

مذکورہ بالا تمام روایات سے یہ واضح ہوجاتا ہے کہ رسول اکرم Sallallah o Alaih Wa aalihi Wasallamکی قوتِ سماعت تمام مخلوقات میں سے سب سے اعلی و اقوی ہے جس کی سماعت میں یہ دنیا و آسمان گم ہیں۔اسی طرح یہ بھی معلوم ہوا کہ کوئی بھی امتی کہیں سے بھی دورود شریف پڑھتا ہے تو اس درود شریف کو آپ Sallallah o Alaih Wa aalihi Wasallamسماعت فرماتے ہیں۔


  • 1  آج کے دور میں سائنس کا دائرہ ارتقاء نقطہ کمال پر ہے ۔جدید ٹیکنالوجی اور سائنس نے بہت سے معاملات جن کو چند سال پہلے ناممکن اور محال سمجھا جاتا تھا ان کو نہ صرف یہ کہ ممکن ثابت کیا بلکہ تجرباتی اور مشاہداتی سطح پر اس حقیقت کو وقوع پذیر کرکے دکھایا۔ آج سے تقریباً دو صدی پہلے سماع عن البعید یعنی دور سے سننے کا عقل انسانی تصور بھی نہیں کرسکتی تھی۔ آج موبائل، ٹیلی فون، ٹیلی ویژن، انٹرنیٹ اور سٹیلائیٹ کے ذریعے مشرق کی آواز کو شمال تک پہنچانے میں کوئی (استحالہ) رکاوٹ نہیں۔ انسان اپنے گھر میں بیٹھے امریکہ اور برطانیہ میں موجود دوسرے انسانوں سے بآسانی کلام کرتے ہیں باوجودیہ کہ ہزاروں حجابات وموانع ہیں۔ایک بہت بڑا سمندر ہے، ریگستان وریگزار ہیں لیکن وہاں پر آواز اس طرح صاف پہنچتی ہے جیسے آمنے سامنے بالکل قریب بیٹھ کر بات کررہے ہوں۔ اسی طرح گھر بیٹھے ٹیلی ویژن کے ذریعے برطانیہ، ساؤتھ افریقہ، انڈیا وغیرہ میں ہونے والا کرکٹ میچ بآسانی دیکھتے ہیں وہاں کی آواز کو سنتے ہیں حالانکہ ہمارےاور اس میدان کے درمیان ہزاروں میل کا فاصلہ ہوتا ہے ۔ سائنس دان جب اپالو 11کے ذریعے چاند پر پہنچے تو انہوں نے چاند پر پہنچ کر امریکہ میں اپنے مرکز کے ساتھ رابطہ کیا۔ انہوں نے وہاں سے کلام کیا لوگوں نے انہیں یہاں پر سنا لوگوں نے یہاں سے کلام کیا تو سائنس دانوں نے وہاں پر سنا۔جبکہ زمین اور چاند کے درمیان دو لاکھ چالیس ہزار میل کا فاصلہ ہے ۔ وہ انسان جس کی حقیقت ایک مشت خاک اور نطفہ آب سے بڑھ کر نہیں اگر یہ انسان اﷲ تعالیٰ کی دی ہوئی صلاحیت اور استعداد اور عقل و شعور کے ذریعے اتنا کمال دکھاسکتا ہے تو کیا اﷲ جل مجدہ کسی انسان کی دور کی آواز سنانے پر قادر نہیں؟ اس سے بڑھ کر خدا کی قدرت کی بے قدری اور کفرو ارتداد کیا ہوگا کہ بندہ اﷲ رب العزت کو دور کی آواز سنوانے سے عاجز سمجھے العیاذ باﷲ تعالیٰ ۔جس ذات نے محض اپنے امرِکن سے زمین وآسمان، عرش وکرسی، لوح وقلم، جنت و دوزخ، بروبحر، کوہ وکوہسار، اشجار وجبال، جنات، انسان، ملائکہ اور بے شمار مخلوق کو پیدا فرمایا، ان کے ارزاق اور سامان معیشت اس قدر فراوانی سے پیدا فرمائے،سمندروں کو مسخر کیا، زمین و آسمان کے درمیان اتنا بڑا سورج، چاند اور بے شمار ستارے مسخر ومعلق فرمائے، سوچئیے! ایسے قادر مطلق کی قدرت کاملہ سے کیا بعید ہے کہ وہ اپنے کسی بندہ کو دور کی آواز سننے کی طاقت وقوت عطا فرمائے؟ چنانچہ قرآن مجید میں کئی مقامات پر اﷲ رب العزت نے انسانوں کو اپنی مخلوقات ومصنوعات سے اپنی قدرت کے کمال کی طرف متوجہ فرمایا ہے۔چنانچہ ایک مقام پر ارشاد باری تعالیٰ ہے:
    وَاللہُ عَلٰي كُلِّ شَيْءٍ قَدِيْرٌ. (القرآن، سورۃ البقرۃ 2: 284)
    ترجمہ:  اور اﷲ ہر چیز پر کامل قدرت رکھتا ہے۔
    یہ ایک حقیقت ہے کہ مادی قوت وطاقت کے مقابلے میں روحانی قوت و طاقت بہت زیاداس آیتِ کریمہ میں "قدیر" مبالغہ کا صیغہ ہے جس میں قدرت کے کمال اور ہر نقص و عجز سے منزہ ہونے کی طرف اشارہ ہے اور "شیء" نکرہ ہے جس میں عموم پایا جاتا ہے اور لفظ "کل" میں بھی عموم ہے جب "کل" کی اضافت نکرہ کی طرف کی جاتی ہے تو اس تعمیم میں شمول اور تاکید پیدا ہوجاتی ہے۔ "کل شیء" کے عموم میں اسماع عن البعید بھی شامل ہے تو معلوم ہوا کہ اﷲ ربُّ العزّت دور کی آواز سنوانے پر مکمل قادر ہے۔
    ہ ہے کیونکہ مادی دنیا میں تو بجلی، ٹیلیفون، ریڈیو،ٹیلویژن وغیرہ کے بغیر نہیں سناجاسکتا لیکن روحانی دنیا میں تو ان میں سے کسی کی بھی احتیاج نہیں ہے۔ اہل جنت وجہنم کا دو رسے سننا:قرآن مجید فرقان حمید میں متعلقہ پہلو کے حوالہ سے کئی مقامات پر رہنمائی فرمائی گئی ہے۔انہیں مقامات میں سے ایک مقام قرآن کریم میں درج ذیل ہے جس میں اللہ تبارک وتعالی ارشاد فرماتا ہے:
    فَاَقْبَلَ بَعْضُہُمْ عَلٰي بَعْضٍ يَّتَسَاۗءَلُوْنَ. قَالَ قَاۗىِٕلٌ مِّنْہُمْ اِنِّىْ كَانَ لِيْ قَرِيْنٌ. يَّقُوْلُ اَىِٕنَّكَ لَمِنَ الْمُصَدِّقِيْنَ.  ءَ اِذَا مِتْنَا وَكُنَّا تُرَابًا وَّعِظَامًا ءَاِنَّا لَمَدِيْنُوْنَ. قَالَ ہَلْ اَنْتُمْ مُّطَّلِعُوْنَ. فَاطَّلَعَ فَرَاٰہُ فِيْ سَوَاۗءِ الْجَحِيْمِ.  قَالَ تَاللہِ اِنْ كِدْتَّ لَتُرْدِيْنِ. وَلَوْلَا نِعْمَۃُ رَبِّيْ لَكُنْتُ مِنَ الْمُحْضَرِيْنَ.  (القرآن، الصافات 37: 50-57)
    ترجمہ:  پھر وہ (جنّتی) آپس میں متوجہ ہو کر ایک دوسرے سے (حال و احوال) دریافت کریں گے۔ ان میں سے ایک کہنے والا (دوسرے سے) کہے گا کہ میرا ایک ملنے والا تھا (جو آخرت کا منکِر تھا۔ وہ (مجھے) کہتا تھا: کیا تم بھی (ان باتوں کا) یقین اور تصدیق کرنے والوں میں سے ہو۔ کیا جب ہم مر جائیں گے اور ہم مٹی اور ہڈیاں ہو جائیں گے تو کیا ہمیں (اس حال میں) بدلہ دیا جائے گا۔ پھر وہ (جنّتی) کہے گا: کیا تم (اُسے) جھانک کر دیکھو گے (کہ وہ کس حال میں ہے۔ پھر وہ جھانکے گا تو اسے دوزخ کے (بالکل) وسط میں پائے گا اس سے) کہے گا: خدا کی قسم! تو اس کے قریب تھا کہ مجھے بھی ہلاک کر ڈالے۔ اور اگر میرے رب کا احسان نہ ہوتا تو میں (بھی تمہارے ساتھ عذاب میں) حاضر کیے جانے والوں میں شامل ہو جاتا۔
    امام عبد الرحمن بن ابی حاتم رحمۃ اللہ علیہ نے تفسیر ابن ابی حاتم میں درجِ ذیل واقعہ نقل کیا ہے:
    بنی اسرائیل میں دو شخص ایک دوسرے کے شریک تھے ان میں سے ایک مومن تھا اور دوسرا کافر تھا۔ ان دونوں کو چھ ہزار دینار مل گئے ان میں سے ہر ایک اپنے حصے کے تین ہزار دینار لے کر الگ ہوگیا ۔کچھ عرصہ کے بعد دونوں کی ملاقات ہوئی تو انہوں نے ایک دوسرے سے احوال پوچھے کافر نے بتایا کہ اس نے ایک ہزار دینار میں زمین، باغات اور نہر کو خریدا۔ مومن نے رات کو اٹھ کر نماز پڑھی اور ایک ہزار دینار سامنے رکھ کر دعا کی اے اﷲ ! میں تجھ سے ایک ہزار دینار کے عوض جنت میں زمین، باغات اور نہر خریدتا ہوں۔ پھر اس نے صبح کو اٹھ کر وہ ایک ہزار دینار مساکین میں تقسیم کردیے۔ کچھ عرصہ کے بعد ان کی دوبارہ ملاقات ہوئی توکافر نے بتایا کہ اس نے ایک ہزار دینار کے غلام خرید لیے جو اس کے کاروبار کی دیکھ بھال کرتے ہیں۔ مومن نے اس رات کو نماز کے بعد ایک ہزار دینار سامنے رکھ کر دعا کی کہ اے اﷲ عزوجل! میں ایک ہزار دینار کے عوض جنت میں غلام خریدتا ہوں اور اس نے صبح کو ایک ہزار دینار مساکین میں تقسیم کردیے۔ کچھ عرصہ بعد پھر ان کی ملاقات ہوئی۔ کافر نے بتایا کہ اس نے ایک ہزار دینار خرچ کرکے ایک بیوہ عورت سے شادی کرلی۔ مومن نے اس رات نماز کے بعد ایک ہزار دینار اپنے سامنے رکھے اور دعا کی کہ اے اﷲ عزوجل! میں ان ایک ہزار دینار کے عوض جنت میں بڑی آنکھوں والی حور سے نکاح کرنا چاہتا ہوں اور پھر صبح اٹھ کر اس نے ایک ہزار مساکین میں تقسیم کردیے۔ دوسری صبح کو مومن اٹھا تو اس کے پاس کچھ نہ تھا اس نے ایک شخص کے مویشیوں کو چارا ڈالنے اور ان کی دیکھ بھال کرنے پر ملازمت کرلی۔ ایک دن اس کے مالک نے جانور کو پہلے سے دبلا پایا تو اس پر الزام لگایا کہ تم اس کا چارا بیچ کر کھاجاتے ہو اور اس کو ملازمت سے نکال دیا۔ اس نے سوچا کہ میں اپنے سابق شریک کے جاتا ہوں اور اس سے ملازمت کی درخواست کرتا ہوں۔ اس نے اس سے ملنا چاہا مگر اس کے ملازموں نے اس سے ملاقات نہ کروائی اور اس کے اصرار پر کہا کہ تم یہاں راستہ پر بیٹھ جاؤ وہ اس راستہ پر سواری سے گزرے گا تو تم ملاقات کرلینا۔ وہ کافر شریک اپنی سواری پر نکلا تو اس مومن کو دیکھ کر پہچان لیا اور کہا کہ کیا تمہارے پاس میری طرح مال نہ تھا پھر تمہارا اس قدر گیا گزرا حال کیوں ہے؟ مومن نے کہا کہ اس کے متعلق سوال نہ کرو۔ کافر نے پوچھا کہ تم اب کیا چاہتے ہو اس نے کہا تم مجھے دو وقت کی روٹی اور دو کپڑوں کے عوض محنت مزدوری پر ملازم رکھ لو، کافر نے کہا میں تمہاری اس وقت تک مدد نہیں کروں گا جب تک تم مجھے یہ نہیں بتاؤ گے کہ تم نے ان تین ہزار دینار کا کیا کیا؟ مومن نے کہا میں نے وہ کسی کو قرض دے دئیے ہیں۔ کافر نے پوچھا کس کو؟ مومن نے کہا کہ ایک وعدہ وفا کرنے والے غنی کو۔ کافر نے پوچھا وہ کون ہے؟ مومن نے کہا اﷲ (جل مجدہ)! کافر نے فوراً مسلمان سے اپنا ہاتھ چھڑا لیا اور کہا کہ کیا تم آخرت اور قیامت کی تصدیق کرنے والے ہو؟ کیا جس وقت ہم مرجائیں گے اور مٹی اور ہڈیاں ہوجائیں گے تو اس وقت ہم کو ان کاموں کی جزادی جائے گی؟ پھر کافر اس کو چھوڑ کر اپنی سواری پر بیٹھ کر چلاگیا۔ وہ مومن بڑے عرصے تک تنگی اور ترشی کے ساتھ وقت گزارتا رہا۔ اور کافر عیش وطرب میں اپنی زندگی گزارتارہا۔ قیامت کے دن اﷲ تعالیٰ نے اس مومن کو جنت میں داخل کردیا اور اس کو زمین، باغات، پھل اور نہریں دکھائیں۔ اس نے پوچھا یہ کس کی ہیں؟ فرمایا تمہاری ہیں۔ اس نے کہا سبحان اﷲ! میرے تھوڑ سے عمل کی کیا اتنی عظیم جزا ہے؟ پھر اس کو بے شمار غلام دکھائے۔ اس نے پوچھا یہ کس کے ہیں؟ فرمایا تمہارے ہیں؟ اس نے کہا سبحان اﷲ! میرے معمولی عمل کا اتنا بڑا ثواب ہے ۔پھر اس کو بڑی آنکھوں والی حور دکھائی گئی تو اس نے پوچھا یہ کس کے لیے ہے؟ فرمایا تمہاری ہے اس نے کہا سبحان اﷲ! میرے اس حقیر عمل کا ثواب یہاں تک پہنچا ہے ۔پھر اس کو کافر شریک یاد آیا۔ اس نے کہا کہ دنیا میں میرا ایک صاحب تھا جو کہتا تھا کیا تم آخرت کی تصدیق کرنے والے ہو؟ کیا جب ہم مرجائیں گے اور مٹی اور ہڈیاں ہوجائیں گے اس وقت ہم کو ہمارے کاموں کا بدلہ دیا جائے گا۔ پھر اﷲ تعالیٰ اس کو اس کا کافر شریک دکھائے گا جو دوزخ کے درمیان میں پڑا ہوگا۔ مومن اس کو دیکھ کر کہے گا اﷲ (جل مجدہ) کی قسم! قریب تھا کہ تو مجھے بھی ہلاک کردیتا اگر مجھ پر میرے ربّ کا احسان نہ ہوتا تو میں بھی دوزخ میں پڑا ہوتا۔(عبد الرحمن بن ابی حاتم، تفسیر ابن ابی حاتم، ج -10، مطبوعۃ: نزار مصطفی، مکۃ المکرمۃ، السعودیۃ، (لیس التاریخ موجوداً)، ص: 3213-3215)
    قرآن مجید کی نص قطعی سے معلوم ہوگیا کہ جنتی اس جہنمی کے احوال کا مشاہدہ کرے گا اور اس سے یہ خطاب کرے گا اور یہ خطاب اس کافر کے لیے باعث حسرت وندامت تب بن سکتا ہے جب وہ اس خطاب کوسنے تو گویا اس کافر نے وسط جہنم میں ہونے کے باوجود اس جنتی کے کلام کو سنا اور جنت کی ابتداء چھٹے آسمان سے ماورا ہے اور مختار قول میں جہنم تحت الثری میں ہے ، جنت اور جہنم کے درمیان لاکھوں میل کا فاصلہ ہے لیکن خالق جل وعلا کی کمال قدرت دیکھیئے کہ جس نے ایک جنتی کے اکرام واعزاز کے لیے اس کی رویت وبصارت کو اس قدر وسیع کردیا کہ وہ لاکھوں میل دور اس جہنمی کے احوال وعذاب کا مشاہدہ کررہا ہے اور جہنمی کے حسرت وندامت کے لیے اس کی سماعت کو اتنا وسیع کردیا کہ اس نے لاکھوں میل دور جنتی کی آواز کو وسط جہنم میں سنا۔
    اس حوالہ سےامام رازی ﷫فرماتے ہیں:
    ولا یجوز ان یسمع بعضھم خطاب بعض ویراہ علی بعد الا بان يقوی ﷲ ابصارھم واسماعھم واصواتھم۔
    ترجمہ:  یہ جائز نہیں کہ وہ دور سے ایک دوسرے کا خطاب سنیں یا دور سے ایک دوسرے کو دیکھیں مگر اس صورت میں کہ اﷲ رب العزت ان کی نگاہوں، سماعتوں او ر آوازوں کو قوی کردے۔ (فخر الدین رازی، تفسیر الکبیر، ج-9، مطبوعۃ: دار الفکر، بیروت، لبنان (لیس التاریخ موجوداً)، ص :127)
    اسی طرح ایک اور مقام پر اﷲ رب العزت نے اہل جنت کی ،اہل جھنم سے گفتگو کو بیان کرتے ہوئے قرآنِ مجید فرقانِ حمید میں ارشاد فرمایا:
    وَنَادٰٓي اَصْحٰبُ الْجَنَّۃِ اَصْحٰبَ النَّارِ اَنْ قَدْ وَجَدْنَا مَا وَعَدَنَا رَبُّنَا حَقًّا فَہَلْ وَجَدْتُّمْ مَّا وَعَدَ رَبُّكُمْ حَقًّا ۭ قَالُوْا نَعَمْ ۚ فَاَذَّنَ مُؤَذِّنٌۢ بَيْنَہُمْ اَنْ لَّعْنَۃُ اللہِ عَلَي الظّٰلِــمِيْنَ۝۴۴  (القرآن،سورۃ الاعراف7: 44)
    ترجمہ:  اور اہلِ جنت دوزخ والوں کو پکار کر کہیں گے: ہم نے تو واقعتاً اسے سچّا پالیا جو وعدہ ہمارے رب نے ہم سے فرمایا تھا، سو کیا تم نے (بھی) اسے سچّا پایا جو وعدہ تمہارے ربّ نے (تم سے) کیا تھا؟ وہ کہیں گے: ہاں۔ پھر ان کے درمیان ایک آواز دینے والا آواز دے گا کہ ظالموں پر اﷲ کی لعنت ہے۔
    اسی طرح اہل جھنم کی ،اہل جنت سے گفت گو کو اسی سورۃ اعراف میں یوں ارشاد فرمایا:
    وَنَادٰٓي اَصْحٰبُ النَّارِ اَصْحٰبَ الْجَنَّۃِ اَنْ اَفِيْضُوْا عَلَيْنَا مِنَ الْمَاۗءِ اَوْ مِمَّا رَزَقَكُمُ اللہُ۝۰ۭ قَالُوْٓا اِنَّ اللہَ حَرَّمَہُمَا عَلَي الْكٰفِرِيْنَ.  (القرآن، سورۃ الاعراف 7 : 50)
    ترجمہ:  اور دوزخ والے اہلِ جنت کو پکار کر کہیں گے کہ ہمیں (جنّتی) پانی سے کچھ فیض یاب کر دو یا اس (رزق) میں سے جو اﷲ نے تمہیں بخشا ہے۔ وہ کہیں گے: بیشک اﷲ نے یہ دونوں (نعمتیں) کافروں پر حرام کر دی ہیں۔
    ان آیات میں واشگاف الفاظ میں فرمایا کہ اہل جنت، اہل جہنم کو پکاریں گے اور اہل جہنم،اہل جنت کو پکاریں گےاور دونوں فریقوں کے درمیان لاکھوں میل کی مسافت ہوگی۔ اہل جنت نے بھی دور سے یہ سمجھ کر پکارا کہ اہل جہنم ہماری پکار وندا کو سماعت کریں گے اور اہل جہنم نے بھی یہ سمجھ کر دور سے ندا کی کہ اہل جنت ہماری پکار و ندا کو سماعت کریں گے۔اسی حوالہ سے امام رازی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں:
    کل فریق من اھل الجنۃ ینادی۔
    ترجمہ:  یعنی اہل جنت کا ہر گروہ اہل جہنم کو پکارے گا۔  (فخر الدین رازی، تفسیر الکبیر، ج-14، مطبوعۃ: دار إحياء التراث العربي ، بيروت،لبنان، 1420 هـ،ص:245)
    ایک سوال کا جواب :علامہ قرطبی رحمۃ اللہ علیہ نے "التذکرۃ" میں اس آیت پر وارد ہونے والے سوال اور پھر اس کے جواب کو نقل کیا ہے۔چنانچہ وہ اس حوالہ سے تحریر کرتے ہیں:
    السوال: ولعلک تقول کیف یری اھل الجنۃ اھل النار واھل النار اھل الجنۃ؟ وکیف یسمع بعضھم کلام بعض وبینھم ما بینھم من المسافۃ وغلظ الحجاب؟الجواب: فیقال لک لا تقل ھذا، فان ﷲ تعالیٰ یقوی اسماعھم وابصارھم حتی یری بعضھم بعض ویسمع بعضھم کلام بعض، وھذا قریب فی القدرۃ۔
    ترجمہ:  شاید تو کہے کہ اہل جنت، اہل جہنم کو اور اہل جہنم، اہل جنت کو کیسے دیکھیں گے اور وہ ایک دوسرے کا کلام کس طرح سنیں گے حالانکہ ان کے درمیان بہت مسافت اور سخت حجاب ہوں گے؟ پس تجھے جواب دیا جائے گا کہ تو یہ بات نہ کر اس لیے کہ بے شک اﷲ تعالیٰ ان کی سماعتوں اور بصارتوں کو قوی کردے گا حتیٰ کہ وہ ایک دوسرے کو دیکھیں گے بھی اور ایک دوسرے کا کلام سنیں گے بھی اور یہ اﷲ رب العزت کی قدرت کے قریب ہے۔  (ابو عبداﷲ محمد بن احمد قرطبی، التذکرۃ باحوال الموتیٰ وامور الاخرۃ، مطبوعۃ: دار الکتاب العربی، بیروت، لبنان، (لیس التاریخ موجوداً)،ص:347)
    جب اہل جنت اور اہل جہنم کی سماعت و بصارت کے پیمانے آخرت میں اتنے وسیع ہوں گے اور ہزاروں، لاکھوں میل بھی ان کی رویت وسماعت میں مانع وحجاب نہیں بنیں گے تو ایسا کیوں نہیں ہوسکتا کہ اﷲ رب العزت اپنے پیاروں اوربالخصوص اپنے حبیب کریم ﷺ کے خصوصی مقام اور آپ ﷺ کی وہ وجاہت ومنزلت جواﷲ عزوجل کی بارگاہ میں ہے اس کے پیش نظر اﷲ عزوجل مذکورہ سماعت سے بھی قوی واکمل سماعت سے آپ ﷺ کو اسی دنیا میں نوازدے۔ بالکل ویسے ہی جیسے اﷲ رب العزت تمام مومنین کو آخرت اور جنت میں اپنی ذات کا دیدار عطا فرمائے گا لیکن اپنے حبیب کریمﷺ کی انفرادی، اعجازی اور اختصاصی حیثیت کے پیش نظر آپ ﷺکو اسی دنیا کی زندگی میں اپنے دیدار سے شاد کام فرمایا۔
    چیونٹی کاکلا م سننا:
    اسی طرح قرآن مجید میں ایک واقعہ مذکور ہوا ہے۔اس واقعہ میں حضرت سلیمان کا 3میل کی مسافت سے چیونٹی کا کلام سننے کا ذکر ہوا ہے۔چنانچہ اﷲ تعالیٰ ارشاد فرماتا ہے:
    حَتّٰٓي اِذَآ اَتَوْا عَلٰي وَادِ النَّمْلِ ۙ قَالَتْ نَمْــلَۃٌ يّٰٓاَيُّہَا النَّمْلُ ادْخُلُوْا مَسٰكِنَكُمْ ۚ لَا يَحْطِمَنَّكُمْ سُلَيْمٰنُ وَجُنُوْدُہٗ ۙ وَہُمْ لَا يَشْعُرُوْنَ. فَتَبَسَّمَ ضَاحِكًا مِّنْ قَوْلِہَا۔  (القرآن، سورۃ النمل27: 18-19)
    ترجمہ:  یہاں تک کہ جب وہ (لشکر) چیونٹیوں کے میدان پر پہنچے تو ایک چیونٹی کہنے لگی: اے چیونٹیو! اپنی رہائش گاہوں میں داخل ہو جاؤ کہیں سلیمان (علیہ السلام) اور ان کے لشکر تمہیں کچل نہ دیں اس حال میں کہ انہیں خبر بھی نہ ہوتو وہ (یعنی سلیمان علیہ السلام) اس (چیونٹی) کی بات سے ہنسی کے ساتھ مسکرائے.
    اس آیت مبارکہ کی تفسیر میں امام مقاتل رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں:
    وقد سمع قولھا من ثلاثۃ امیال۔
    ترجمہ:  حضرت سلیمان نے چیونٹی کی بات تین میل کی مسافت سے سن لی۔ (حسین بن مسعود بغوی، معالم التنزیل، ج-3، مطبوعۃ: داراحیاء التراث العربی، بیروت، لبنان، (لیس التاریخ موجوداً)، ص:405)
    اس کی مزید تفسیر کرتے ہوئے حضرت محمود آلوسی فرماتے ہیں:
    والسمع من سلیمان منھا غیر بعید لان الریح کما جاء فی الاثار توصل الصوت الیہ اولأن ﷲ تعالیٰ وھبہ اذ ذاک قوۃ قدسیۃ سمع بھا۔
    ترجمہ:  حضرت سلیمان کا اتنے فاصلہ سے چیونٹی کی آواز سن لینا بعید نہیں ہے کیونکہ جیسا کہ آثار میں ہے کہ ہوا نے آپ تک آواز پہنچا دی تھی یا اﷲ تعالیٰ نے آپ کو ایسی قوت قدسیہ عطا کی تھی جس سے انہوں نے یہ بات سن لی۔ (محمود آلوسی بغدادی، روح المعانی ،ج- 19، مطبوعۃ: دار احیاء التراث العربی، بیروت، لبنان، (لیس التاریخ موجود اً)، ص:231)
    اگر کوئی بہت اونچی آواز والا انسان 3میل کی دوری سے ہمیں پکارے تو ظاہر ہے کہ ہم اس کی آواز سننے سے عاجز ہیں چہ جائے کہ ایک چیونٹی کی آواز 3میل سے سنیں۔ جس کو اگر ہم اپنے کان میں بھی رکھ دیں تو اس کی آواز نہیں سن پاتے۔لیکن حضرت سلیمان کا باذن اﷲ کمال اور قوت سماعت دیکھئے کہ آپ نے انسان یا جن نہیں بلکہ چیونٹی کی آواز کو سنا اور قریب سے نہیں بلکہ 3میل کی دوری سے سنا۔
    مزید اس حوالہ سےامام حاکم رحمۃ اللہ علیہ روایت کرتے ہیں:
    اوحی ﷲ الیہ وھو یسیر بین السماء والارض انی قد زدت فی ملکک ان لا یتکلم احد من الخلائق بشیء الا جاء ت الریح فاخبرتک۔
    ترجمہ: اللہ تبارک وتعالیٰ نے آپ علیہ السلام پر ا حال میں وحی فرمائی کہ آپ علیہ السلام زمین اور آسمان کے درمینا چل رہے تھے کہ (اے سلیمان) بے شک میں نے تمہاری بادشاہت میں یہ اضافہ کر دیا ہے کہ مخلوقات میں جو کوئی بھی جو بات کرے گا ہوا تجھے اس کے بارے میں بتا دے گی۔ (یعنی وہ بات آپ علیہ السلام کے سمع مبارک تک پہنچ جائے گی) (ابو عبداﷲ محمد بن عبداﷲ حاکم ، مستدرک علی الصحیحین، حدیث: 4141، ج- 2، مطبوعۃ: دار الکتب العلمیۃ، بیروت، لبنان،1990ء، ص:644)
    روایت میں "احد "اور "شیء" کے الفاظ نکرہ ہیں جس کا مفاد عموم ہے۔ یعنی جن و انس خواہ وہ مشرق ومغرب اور شمال و جنوب کسی بھی خطہ زمین پر آباد ہوں اور جو بات بھی کریں تو ہوا وہ بات آپ علیہ السلام تک پہنچا دے گی اور واقعتاً اللہ رب العزت کی قدرت کاملہ سے کچھ بعید نہیں کہ کسی کو اس قدر قوی سماعت عطا فرمادے۔ جب حضرت سلیمان علیہ السلام کی قوت و سماعت کا یہ حال ہے تو حبیب کبریا ﷺ کی سماعت کا کیا عالم ہوگا؟
  • 2  ابونعیم احمدبن عبداﷲ اصفہانی ،حلیۃ الاولیاء، ج- 2 ،مطبوعۃ: دارالکتب العربی بیروت، لبنان، (لیس التاریخ موجود اً)، ص:217
  • 3  ابوبکر بن ابی عاصم ضحاک شیبانی، الاحاد والمثانی، حدیث: 597، ج -1، مطبوعۃ: دار الرایۃ، الریاض،السعودیۃ، 1991ء، ص :442
  • 4  مسلم بن الحجاج قشیری، صحیح مسلم، ج-4،حدیث: 2844،مطبوعۃ: دار احیاء التراث العربی بیروت، لبنان، (لیس التاریخ موجوداً ) ،ص :2184
  • 5  محمد بن عیسیٰ ترمذی، سنن الترمذی، حدیث:2312، ج -4، مطبوعۃ: دار الغرب الاسلامی، بیروت،لبنان، 1998ء، ص: 134
  • 6  احمد بن حنبل الشیبانی، مسند احمد، ج -5، مطبوعۃ: موسسۃ قرطبۃ، القاہرۃ، مصر، (لیس التاریخ موجوداً)، ص: 173
  • 7  امام محمد بن یزید ابن ماجہ، سنن ابن ماجہ، ج- 2، مطبوعۃ: دارالفکر، بیروت،لبنان، (لیس التاریخ موجوداً) ، ص :1402
  • 8  عبد الرحمن بن ابی بکرجلال الدین السیوطی، الدر المنثور فی التفسیر الماثور، ج-4 ،مطبوعۃ: دار الفکر، بیروت، لبنان، (لیس التاریخ موجوداً)، ص:256
  • 9  محمد بن اسماعیل بخاری، صحیح البخاری ، حدیث :1375،ج-2، مطبوعۃ: دمشق،1422ھ، ص :99
  • 10  سلیمان بن احمد طبرانی، المعجم الکبیر، حدیث: 3857،ج-4، مطبوعۃ: مکتبۃ ابن تیمیۃ، القاہرۃ، مصر،1994 ء، ص :120
  • 11  ابو عبداﷲ محمد بن عبداﷲ الحاکم، مستدرک علی الصحیحین، حدیث: 118، ج-1، مطبوعۃ: دار الکتب العلمیۃ، بیروت، لبنان 1990ء، ص:98
  • 12  محمد بن اسماعیل بخاری، صحیح البخاری ، حدیث: 1149،ج-2، مطبوعۃ: دمشق،1422ھ، ص :53
  • 13  احمد بن حنبل شیبانی، مسند احمد، حدیث: 24080، ج-40، مطبوعۃ: مؤسسۃ الرسالۃ، بیروت، لبنان، 2001ء، ص :96
  • 14  محمد بن اسماعیل بخاری، صحیح البخاری ، حدیث: 748، ج-1، مطبوعۃ: دمشق،1422ھ، ص:150
  • 15  سلیمان بن احمدالطبرانی ،طبرانی صغیر، حدیث: 968، ج-2، مطبوعۃ: المکتب الاسلامی، بیروت، لبنان، 1985ء، ص:167
  • 16  اسماعیل بن محمد بن الفضل الاصبھانی، دلائل النبوۃ، حدیث :59، مطبوعۃ: دار طیبۃ الریاض، السعودیۃ، (لیس التاریخ موجود اً) ، ص: 73-74
  • 17  امام عبدالملک بن ہشام، السیرۃ النبویہ المعروف سیرت ابن ہشام، ج- 5،مطبوعۃ: دارالجیل بیروت، لبنان، (لیس التاریخ موجوداً)، ص :49
  • 18  ابو جعفر محمد بن جریر طبری ، تاریخ الطبری، ج-2،مطبوعۃ: دارالکتب العلمیۃ، بیروت، لبنان، (لیس التاریخ موجوداً)، ص :153-154
  • 19  ابوبکر احمد بن حسین البیہقی :دلائل النبوۃ،ج-5، مطبوعۃ: دارالکتب العلمیۃ، بیروت،لبنان، (لیس التاریخ موجوداً )،ص :7
  • 20  ابوعبداﷲ محمد بن عبد الباقی زرقانی، زرقانی علی المواہب، ج- 3،مطبوعۃ: دار الکتب العلمیۃ، بیروت، لبنان، 1996ء، ص :381
  • 21  ابو عمر البر بن عاصم النمرى القرطبي ، لاستيعاب فى معرفة الأصحاب ، حدیث:1916، ج -3، مطبوعۃ: دارالجیل، بیروت،لبنان، 1412ﻫ، ص :1175
  • 22  شمس الدین محمد بن عبد الرحمن سخاوی، القول البدیع، مطبوعۃ: دار الریان للتراث، بیروت، لبنان، (لیس التاریخ موجوداً )، ص :164
  • 23  عبد الرحمن بن سلام الصفوری، نزھۃ المجالس، ج -2، مطبوعۃ:المطبعہ الکاستلیۃ، القاہرۃ، مصر، 1283ھ،ص :86
  • 24  سید محمد بن سلیمان الجزولی الشاذلی، دلائل الخیرات،مطبوعہ: نول کشور لکھنؤ،انڈیا،1309 ھ، ص :24
  • 25  احمد بن عمر بزار ،مسند البزار، حدیث: 1425-1426، ج-4، مطبوعۃ: مکتبۃ العلوم والحکم، المدینۃ المنورۃ، السعودیۃ، (لیس التاریخ موجوداً)، ص: 254-255
  • 26  علی بن حسام الدین ہندی، کنز العمال، ج-1، حدیث: 2181، مطبوعۃ: مؤسسۃ الرسالۃ، بیروت، لبنان، 1981ء، ص:494
  • 27  عبد الباقی زرقانی، زرقانی علی المواہب، ج -5،مطبوعۃ: دارالمعرفۃ، بیروت،لبنان، (لیس التاریخ موجوداً )، ص :336
  • 28  عبدالرؤف بن تاج العارف ین المناوی ،فیض القدیر شرح جامع الصغیر، ج -2، مطبوعۃ: دارالفکر الاسلامیہ، لاہور ،پاکستان، (سن اشاعت ندارد)، ص :483
  • 29  ایضاً
  • 30  عبد الحئی بن عبد الحلیم لکھنوی، مجموعۃ الفتاویٰ، ج- 2،مطبوعہ: یوسفی واقع لکھنؤ، انڈیا،(سن اشاعت ندارد) ، ص: 97
  • 31  ابو عبداﷲ محمد ابن ماجہ، سنن ابن ماجہ، حدیث: 1512، ج- 1، مطبوعۃ: دار احیاء الکتب العربیۃ، القاہرۃ، مصر، (لیس التاریخ موجود اً) ،ص:484

Powered by Netsol Online